(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی ریاست بہار کے ضلع مدھوبنی کی ایک عدالت نے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے ملزم کو اس عجیب و غریب شرط پر ضمانت دی کہ وہ اپنے گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے چھ ماہ تک مفت میں دھوئے اور ان کپڑوں کو استری بھی کرے۔
بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کےمطابق جھانجھر پور ایڈیشنل سیشن اویناش کمار نے 16 ستمبر کو للن کمار صافی نامی ایک دھوبی کی درخواست کے جواب میں یہ حکم منظور کیا، جسے 18 اپریل کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ برطانوی اخبر دی ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق ملزم نے 17 اپریل کی شب مدھوبنی ضلع کے لوکاہا بازار میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی تھی۔جج نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے دھوئے گا اور استری کرے گا ۔ حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم مخبر سمیت متاثرہ کے چھ ماہ تک مفت کپڑے دھوئے اور چھ ماہ مکمل ہونے کے بعد گاؤں کے مکھیہ/سرپنچ یا گاؤں کے کسی معزز سرکاری ملازم سے سرٹیفکیٹ حاصل کرے گا اور اسے متعلقہ عدالت میں پیش کریگا۔عدالت نے ملزم کو 10ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے اور اسی رقم کی دو ضمانتیں بھی جمع کرانے کی ہدایت کی۔پولیس نے بتایا کہ ملزم پر کیس ایک خاتون کو بدنام کرنے کی نیت سے حملہ کرنے سے متعلق ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کیس میں چارج شیٹ مئی میں عدالت میں پیش کی گئی تھی اور اب فیصلہ آ گیا ہے۔ پولیس بھی ملزم پر پر نظر رکھے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ عدالت کے حکم پر عمل کرے۔
عدالت نے یہ حکم تب جاری کیا کہ جب شکایت کنندہ کے وکیل نے کہا کہ وہ اس کیس کو مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتی۔ دی ٹیلیگراف کے مطابق مجرمانہ کارروائی ختم کرنے کے لئے ایک مفاہمت کی درخواست دائر کی گئی ۔عدالت کے جج اویناش کمار نے ماضی میں بھی کئی مواقع پر ضمانت کے لئے ایسی غیر معمولی شرائط عائد کی ہیں۔
اس قبل جج نے9 جولائی کو قتل کی کوشش کے الزامات کا سامنا کرنیوالے ایک شخص کو اس شرط پر ضمانت دے دی تھی کہ اسے اپنے علاقے میں یا عوامی جگہ پر ’’پانچ پھل والے درخت‘‘ لگائے گا۔ 28 اگست کو اس نے چھیڑ چھاڑ کے الزام میں ایک شخص کو ضمانت کی شرط کے طور پر اپنے گھر کے سامنے موجود نالے کو صاف کرنے اور اسے صاف رکھنے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکٹ منی پر جھگڑا۔۔بیٹے کے ہاتھوں باپ کا بیددری سے قتل