وزیراعظم شہباز شریف کی ترقی یافتہ ممالک سے قرضوں میں ریلیف کی اپیل

Sep 23, 2022 | 12:56:PM

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ترقی یافتہ ممالک سے قرضوں میں ریلیف کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، دنیا نے اب تک جو مدد کی وہ بہت کم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں بلومبرگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پورا ملک سمندر کا منظر پیش کر رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلاب کے بعد پانی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں، پاکستان میں بحالی کے لیےعالمی دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، تباہ کاریوں اور بحالی کے کاموں میں ادائیگیاں بہت مشکل ہے، دنیا نے جو ہماری مدد کی بہت کم ہے، اگلے دو ماہ میں پاکستان پر قرضوں کی ذمہ داریاں ہیں، ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاربن کے پھیلاؤ میں پاکستان کا کردار 0.8 فیصد ہے، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے، 400 بچوں سمیت 1300 اموات ہوئیں، سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا۔

مزیدخبریں