(ویب ڈیسک )جاپان کے ایک خلائی مشن نے زمین سے 18 کروڑ 60 لاکھ میل دور واقع سیارچے کی گرد میں پانی کو دریافت کیا ہے۔
اس دریافت سے اس خیال کو تقویت ملی ہے کہ زمین پر زندگی کا بیج بیرونی خلا سے پہنچا۔جاپانی مشن میں Ryugu نامی سیارچے سے حاصل کیے گئے 5.4 گرام پتھروں اور گرد کا تجزیہ کیا گیا تھا۔محققین نے بتایا کہ Hayabusa-2 نامی مشن کے دوران پانی کی بوند کی دریافت زبردست ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ زمین پر پانی خلا سے پہنچا، مگر ہم نے پہلی بار زمین سے باہر ایک سیارچے میں پانی کو دریافت کیا۔Hayabusa-2 مشن کو 2014 میں اس سیارچے کی جانب بھیجا گیا تھا اور وہ 2020 میں زمین کے مدار پر واپس پہنچا تھا اور سیارچے کے نمونوں کو ایک کیپسول کے ذریعے سائنسدانوں تک پہنچایا۔محققین نے بتایا کہ پانی کی اس بوند میں نمک اور نامیاتی مادہ موجود تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس دریافت سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ Ryugu جیسے سیارچے زمین سے ٹکرائے اور نمک اور نامیاتی مادے پر مشتمل پانی یہاں پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو شواہد دریافت کیے ان سے سمندروں یا زمین پر موجود نامیاتی مادوں کے ماخذ کا عندیہ ملتا ہے۔اس مشن کے نمونوں کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا کہ تاکہ نئی چیزوں کو ہر ممکن حد تک دریافت کیا جاسکے۔