ڈالر 250روپے تک آنے والا ہے ،گورنر سندھ نے پیشگوئی کر دی

Sep 23, 2023 | 09:43:AM

(ویب ڈیسک ) نگران حکومت کی  امریکی کرنسی کی بڑھتی قیمت کو لگام ڈالنے کیلئے حکمت عملی کام کر گئی ہے، جس کے بعد ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے البتہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیشگوئی کی ہے ڈالر 250 روپے تک  آنے والا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے اوپر گئی جو کہ بہت جلد نیچے آنے والی ہے ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مرتضی سولنگی اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، آنے والے دنوں میں ملکی معیشت میں مزید مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مثبت پیش رفت سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا، یو اے ای، چائنہ، ترکیہ سے مثبت جوابات آئے ہیں، ان ممالک کا پاکستان کی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہو گا،ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت پاکستان کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے، نگران حکومت ملک کو درست راہ پر گامزن کر کے جائے گی تو یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تاجروں سے ملاقات کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ڈالر 260 روپے تک آنے والا ہے ، جس کے پاس بھی ڈالر ہیں وہ اسے فوری کیش کروا لے ۔

یہ بھی پڑھیں:ہٹلر مودی نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو 4 سال بعد رہا کردیا

مزیدخبریں