شاہین آفریدی نے شادی کے بعد پہلا پیغام جاری کردیا 

Sep 23, 2023 | 11:51:AM

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے شادی کی تمام تقریبات سے فارغ ہوکر پہلا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شادی کی مختلف تقریبات سے دو خوبصورت تصاویر شیئر کی اور حالِ دل بیان کیا۔ 

شاہین آفریدی کی جانب سے شیئر کی گئی یہ دونوں تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہیں۔ شاہین اور انشا کی اس تصویر میں دونوں کا چہرہ نظر نہیں آرہا بلکہ ان کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں۔

ان خوبصورت  تصاویر کے ساتھ شاہین آفریدی نے پیغام بھی لکھا اور شادی پرآنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ شاہین نے کہا ’آپ سب کی نیک خواہشات و تمناؤں کا شکریہ، یہ کسی خاص انسان کے ساتھ پیار محبت اور خوشیوں کی شروعات ہے‘۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سے دور رہنے والی ان کی ساس اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی اہلیہ نادیہ شاہد نے بھی انہیں مبارک باد دینے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کا سہارا لے لیا۔

اُنہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے پیغام شیئر کیا اور اس نئے نویلے جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اللّہ آپ دونوں کو دونوں جہاں کی خوشیاں نصیب کرئے، آمین۔ یہ ایک ماں کی دعا ہے‘۔

یاد رہے کہ تیز رفتار بالر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری صاحبزادی انشا آفریدی کی شادی کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی جبکہ ولیمہ 21 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی اور اس جوڑے کو دعائیں بھی دیں۔

مزیدخبریں