(24 نیوز) کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کوگرفتار کرلیاگیا ہے، جس نے دوران تفتیش ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
سکیورٹی اداروں نے ٹی ٹی پی کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے ، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کالعدم تنظیم کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جنہوں نے دوران تفتیش بھتہ لینے کے طریقہ کار کے حوالے سے بڑے انکشافات کیے ہیں۔
گرفتار کیے گئے تنظیم کے ارکان کافی عرصے سے مختلف طریقوں سے ٹی ٹی پی کو بھتہ خوری میں معاونت فراہم کررہے تھے ، ملزمان نے ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی افغانستان میں موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق جو اس وقت افغانستان میں ہے، ہمیں واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا۔
مزید پڑھیں: راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آ گئی
ملزم نے انکشاف کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز منگوا کر انہیں بھتے کے لیے افغانستان سے کالز کرتا تھا اور بھتہ نہ ملنے یا تاخیر کی صورت میں جان سے مارنے یا اغوا کی دھمکیاں دیتا تھا۔
واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، جن میں آئے دن سکیورٹی فورسز کو ٹی ٹی پی کے گروہوں کا قلع قمع کرنے اور بھتہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن میں خاطر خواہ کامیابیاں مل رہی ہیں۔