توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کیخلاف جاری تحقیقات اور چالان رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی

Sep 23, 2024 | 18:43:PM

(طیب سیف) بانی تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی ایف آئی اے میں جاری تحقیقات اور چالان رپورٹ کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سعودیہ دورہ کے دوران حاصل شدہ گفٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروائے، بانی تحریک انصاف نے مئی 2021 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، ان کو مختلف ممالک کے دورہ کے وقت 108 گفٹ ملے، انہوں نے 58 مختلف تحائف اور باکسز کو توشہ خانہ سے حاصل کیا۔

رپورٹ کے مزید بتایا گیا کہ اپنے پاس رکھنے والے گفٹ کی مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد تھی، انہوں نے 58 میں سے 14 تحائف کی مالیت 3 کروڑ 80 لاکھ روپے لگائی گئی، باقی 44 گفٹس جن کی مالیت  30 ہزار روپے یا اس سے کم تھی بلامعاوضہ اپنے پاس رکھ لئے، گفٹس میں بلغاری جیولری سیٹ بھی شامل تھا جس کی اصل مالیت نہیں لگائی جا سکی، اپنے پاس رکھے جانے والے باقی تمام گفٹس کی مکمل تفصیلات بھی توشہ خانہ کو جمع نہیں کروائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کیس سماعت کیلئے مقرر

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے گفٹ کیا گیا تھا، بلغاری سیٹ میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا، بلغاری جیولری سیٹ بیش قیمت اور نوادراتی تھا، سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا، بریسلٹ میں بھی گلابی ہیروں اور دیگر جواہرات کی لڑی تھی، نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور گلابی ہیرے لگے تھے جبکہ جھمکوں میں 18 قیراط کے ہیرے اور دیگر جواہرات شامل تھے ۔

مزیدخبریں