(24نیوز)کورونا وائرس کو غیر سنجیدہ لینے پر ملک میں صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے پاک فوج کے جوان متحرک ہوگئے۔ 2ہوٹل سیل جبکہ ایک لاکھ روپے تک جرمانے کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا ایس اوپیز پر عمل کرانے کے لیے فوج ایکشن میں آگئی۔ اسلام آباد انتظامیہ نے فوج کےساتھ کورونا ایس اوپیزپرعملدرآمد کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنررانا موسیٰ طاہر نے فوج اور پولیس کے ساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ایس او پیز کا جائزہ لیا۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن شروع کردیا گیا ہے، اہلکاروں نے سٹی ڈویژن کے مختلف تجارتی علاقوں کا دورہ کیا جب کہ اس دوران شہر میں ایس ا وپیز کی خلاف ورزی پر دکان سیل و جرمانہ بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے پاک فوج کو پولیس اور رینجرز کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔اسلام آباد میں بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کےاحکامات پرعملدرآمدکا بھی آغاز کردیا گیا ہے، آج اور کل شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی تاہم میڈیکل اور ایمرجنسی سروسز پر پابندی نہیں ہوگی۔