فوڈ چین کو ’’رمضان ڈیل‘‘ دینا مہنگا پڑ گیا،خاتون پورے 208 برگر لے اڑی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)دنیا بھر میں مختلف کمپنیز اور فوڈ چینز کی جانب سے رمضان المبارک میں مختلف ڈیلز متعارف کروائی جاتی ہیں جس سے صارفین بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔لیکن کراچی کی ایک خاتون نے توحد ہی کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع ایک مشہور بین الاقوامی فوڈ چین کی جانب سے ایک بینک کے اے ٹی ایم کارڈ پر ڈیل متعارف کروائی گئی جس کے تحت ایک صارف ایک دن میں 550 روپے کے ذریعے 4 زنگر برگر حاصل کر سکتا ہے اور ایک کارڈ پر 24 گھنٹے میں دو مرتبہ ڈیل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
تو جب کراچی کی خاتون کو اس ڈیل کے بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور پورے 26 اے ٹی ایم کارڈ لیکر کراچی کے علاقے خیابان شہباز میں واقع فوڈ چین پہنچ گئیں اور ہر کارڈ کے بدلے دو دو ڈیلز آرڈر کر ڈالیں۔
فوڈ چین کے منیجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون کو برگر دینا تو ہماری مجبوری تھی کیونکہ کمپنی نے یہ ڈیل متعارف کروا رکھی تھی لیکن اس سے بھی دلچسپ بات یہ تھی کہ خاتون کو تمام کارڈز کے پن کوڈز بھی یاد تھے یا پھر انہوں نے پن کوڈذ اپنے موبائل میں سیو کر رکھے تھے۔بین الاقوامی فوڈ چین کے منیجر نے بتایا کہ خاتون نے 26800 روپے کا بل ادا کیا اور 208 برگر لیکر چلی گئیں۔