عمران خان کو ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا : بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق افراد کے ورثاء سے اظہارِ افسوس بھی کیا ہے۔
اپنےایک بیان میں بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج قابو سے باہر ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کڑے وقت میں ملک بھر کے ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیرِ اعظم نے کورونا کا شکار ہونے کے باوجود قرنطنیہ میں 5 رکنی اجلاس کی سربراہی کی۔جب وزیرِ اعظم کورونا وائرس کا شکار ہو کر احتیاط نہ کرے تو عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا؟
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان بتائیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے بنائی گئی ٹائیگر فورس ناکام ہوگئی؟بروقت لاک ڈاؤن کر لیا جاتا تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو باآسانی روکا جا سکتا تھا۔کورونا وائرس کو قابو کئے بغیر ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنا ممکن نہیں۔ عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہو گا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ویکسینیشن واحد طریقہ ہے جس سے معاشی مشکلات سے بچا جا سکتا ہے، بدقسمتی سے ملک میں ویکسین نہ ہونے کے برابر ہے۔چین ویکسین عطیہ نہ کرتا تو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ڈوز فراہم کرنے کا سلسلہ نہ شروع ہو پاتا، حکومت کی نااہلی کو پیپلزپارٹی ہر فورم پر بے نقاب کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی تو بروقت بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین خرید سکتی تھی، مگر عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی۔