دفتر خارجہ نے کرتار پور راہداری کیخلاف بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کردیا

Apr 24, 2022 | 14:15:PM

(ویب ڈیسک)دفتر خارجہ نے کرتارپور راہداری سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا سختی سے مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مہم کا مقصد سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور صاحب راہداری کھولنے کے اقدام کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پراپیگنڈا مہم کا مقصد “امن کی راہداری” کو بدنام کرنا اور دنیا کی توجہ مسلمانوں پر مظالم سے ہٹانا ہے۔ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ پاکستان میں ہر کمیونٹی کے مذہبی مقامات کے تقدس کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت سے 2000 سے زائد سکھ یاتریوں کی میزبانی کی۔ دنیا بھر کی سکھ برادری مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہتی رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی طرف سے سکھ برادری کے لیے ایک تحفہ تھا، بھارت غلط بیانی سے باز رہے۔ بھارت اپنی مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بامعنی اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کاحکومت کیخلاف لانگ مارچ

مزیدخبریں