(24 نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 25 اپریل کو سندھ بھر میں احتجاج کی کال واپس لے لی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی احتجاج کو تحمل کا مظاہرے کرتے ہوئے فی الحال ملتوی کر رہی ہے، ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں ایک دن پر انتخابات کروائے جائیں ، پیپلز پارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام کی آواز کو نہیں سنا گیا تو دوبارہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، پاکستان الگ الگ انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا، الگ الگ انتخابات پاکستان کے سیاسی نظام کو تہس نہس کر دیں گے۔
نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ الگ الگ انتخابات سے الیکشن کی شفافیت پر ہمیشہ کیلئے سوالیہ نشان آجائے گا، اسمبلیوں کی 5 سالہ مدت پوری ہونے پر ایک دن انتخابات ہی سیاسی نظام کو مضبوط کر سکتے ہیں۔