(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ایک بار پھر سے آندھی، جھکٹر، گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کردی جس پر این ڈی ایم اے نے بھی ہدایات جاری کر دی۔
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 25 تا 29 اپریل کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، 26 تا 27 اپریل کے دوران بلوچستان نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان،، گوادر، کیچ آواران کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، 27 تا 28 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور کوہستان کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صوتحال بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا طوفان، سفید پوش طبقہ دال خریدنے سے بھی قاصر
ترجمان این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ 27 تا 29 اپریل کے دوران تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخواہ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے، این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، کاشتکار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں، بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں، اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں کے مکین ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں، موسم برسات میں نقصان سے بچاؤ کے لیے چھتوں، تہہ خانوں اور بیرونی دیواروں کی واٹر پروفنگ کو یقینی بنائیں، نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے برقت ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ دیواروں اور چھتوں میں شگاف یا کریک کی بر وقت مرمت یقینی بنائیں۔