گرل فرینڈ کا برگرکیوں کھایا؟ ایس ایس پی کے بیٹے کے ہاتھوں جج کا بیٹا قتل
ڈیفنس فیز فائیو میں 8 فروری کو جج کے بیٹے علی کیریو کا قتل ہوا تھا اور قتل کیس میں ایس ایس پی نذیر میر بحر کے بیٹے دانیال کو گرفتار کیا گیا تھا،پولیس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) شہر قائد میں قتل کی ایک سنسنی خیز واردات کا کیس سامنے آیا ہے جس میں ایک دوست نے دوسرے دوست کو اس لئے قتل کر دیا کیوں کہ اس نے اس کی گرل فرینڈ کے لیے منگوایا گیا برگر کھا لیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گرل فرینڈ کا برگر کھانے پر ایس ایس پی کے بیٹے نے جج کے بیٹے کو قتل کر دیا، پولیس حکام نے جج کے بیٹے کے قتل کیس کی تفتیش مکمل کر لی ہے، تحقیقات کی فائنل رپورٹ کے مطابق ڈیفنس فیز فائیو میں 8 فروری کو جج کے بیٹے علی کیریو کا قتل ہوا تھا اور قتل کیس میں ایس ایس پی نذیر میر بحر کے بیٹے دانیال کو گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں میاں بیوی نے نوجوان کو گولیاں کیوں ماریں؟کہانی سامنے آ گئی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں لڑکے دوست تھے، دانیال نے 8 فروری کو اپنی گرل فرینڈ شازیہ کو گھر بلایا تھا، گھر میں اس کا دوست علی کیریو اور بھائی احمر بھی موجود تھے، ملزم دانیال شازیہ کو علیحدہ کمرے میں لے گیا اور اس کےلئے 2 برگر آرڈر کئے، آرڈر آیا تو مقتول علی کیریو نے اس میں سے ایک برگر آدھا کھا لیا، دوست کی اس حرکت پر دانیال آپے سے باہر ہو گیا اور گارڈ کی رائفل لے آیا، بھائی کی مداخلت کے باوجود اس کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا اور اس نے گولی چلا دی، فائرنگ سے علی کیریو زخمی ہوا اور ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تفتیشی افسر نے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ اعلی افسران کو جمع کروا دی ہے، رپورٹ میں پولیس افسر کے بیٹے کو قصور وار قرار دیا گیا ہے جبکہ ملزم دانیال نذیر میر بحر جیل میں ہے اور کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔