سندھ میں ہیٹ ویو ختم، پنجاب میں شدت برقرار، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

Apr 24, 2025 | 10:54:AM
سندھ میں ہیٹ ویو ختم، پنجاب میں شدت برقرار، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال ختم ہو گئی جبکہ پنجاب میں گرمی کی لہر برقرار ہے جس کے پیش نظر مریم نواز شریف کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں جزوی بحال ہونے سے ہیٹ ویو کی صورتحال ختم ہو گئی،آج شام تک سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کا امکان ہے، آج سے شہر کے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا،شہر میں اس وقت مطلع صاف تیزدھوپ کا راج ہے، موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے،نمی کا تناسب بڑھنے سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت معمول سے دو یا تین ڈگری زائد رہنے کی توقع ہے، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں آج بھی ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہے گی، اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، گزشتہ روز بہاولنگر میں 44 ڈگری، رحیم یار خان، بھکرمیں 42 جبکہ کوٹ ادو میں 41 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، منڈی بہاؤالدین، خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں 40 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں،چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لکی مروت: ٹریفک پولیس موبائل میں دھماکہ، 2 افراد زخمی

 اے کیو آئی کے مطابق کراچی کو پاکستان کا چوتھاآلودہ ترین شہرقراردے دیاگیاہے جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 119پرٹیکیولیٹ میٹرریکارڈکیاگیاہے۔