وزیراعظم نے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا

Apr 24, 2025 | 18:34:PM
وزیراعظم نے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا
کیپشن: بلاول بھٹو اور شہبازشریف، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا.

 وفاقی دارالحکومت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں جب تک رضا مندی سے کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک کوئی نہر نہیں بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2مئی ہو گا، میں بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، ہم نے بھارت کے معاملات پر بھی گفتگو کی ۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے کچھ تقاضے ہیں، کینالز منصوبے اور ملکی صورتحال پر بڑی سنجیدگی سے بات کی، صوبوں کے درمیان معاملات بات چیت سے طے کیے جاتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہماری شکایات کو سنا اور پیپلزپارٹی کے اصولی موقف اور مطالبات کو تسلیم کیا، ہمارا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ باہمی رضا مندی کے بغیر کوئی نہر نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت دیگراقدامات پر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اوراس معاملے پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری  کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل میں اتفاق رائے کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں نکالی جائے گی۔ وفاقی حکومت تمام صوبوں میں اتفاق رائے کے بغیر منصوبے پر پیشرفت نہیں کرے گی۔ زرعی پالیسی کی تشکیل اور واٹر مینجمنٹ انفراسٹرکچر کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر طویل مدتی اتفاق رائے قائم کیا جائے گا۔ 

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹر اکارڈ 1991 اور واٹر پالیسی 2018 میں صوبوں کے پانی کے حقوق  درج ہیں۔ صوبوں کے تحفظات دور کرنے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبوں کی نمائندگی ہوگی۔کمیٹی پاکستان کی طویل مدتی زرعی ضروریات اور پانی کے استعمال سے متعلق حل تجویز کرے گی۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس دو مئی کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے نمائندے آج ہونے والے فیصلوں کی توثیق کریں گے۔

 یہ بھی پڑھیں:سابق سپیکر قومی اسمبلی کی گندم کی تیار فصل آگ لگ گئی