پاکستان اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، احسن اقبال

Stay tuned with 24 News HD Android App

(یاسر عرفات)وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے حالیہ الزامات اور معاندانہ اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ اقدامات بھارت کی منظم مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا اور پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کو تقویت دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جھوٹے، مکارانہ اور گمراہ کن آپریشنز کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک خطرناک تاریخ ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ روش کا مقصد نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈالنا ہے بلکہ بھارتی حکومت کی اندرونی ناکامیوں اور کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے مظالم سے توجہ ہٹانا بھی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، جن میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ اور اربوں ڈالر کا معاشی نقصان شامل ہے۔ اس کے باوجود پاکستان نے دنیا کے سامنے خود کو ایک پُرامن، ذمہ دار اور ترقی پسند ریاست کے طور پر پیش کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر سبوتاژ کرنے کی کوششیں انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے بھارت کی بدنیتی سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان اپنے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی گمراہ کن چالوں کو پہچانے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت، علاقائی امن، اور انصاف کے لیے آواز بلند کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے اچھی خبر؛بجلی مزید سستی ہونے کا امکان