افغانستان سے انخلا۔۔ امریکا نے طالبان سے مزید مہلت مانگ لی

Aug 24, 2021 | 10:52:AM

  (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان سے انخلا کی 31 اگست کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لئے جرمنی، امریکا اور ترکی کے طالبان سے مذاکرات شروع  ہوگئے۔ 

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ ہیکو ماس کا کہنا ہے کہ جرمنی، امریکہ، ترکی اور طالبان کے درمیان بات چیت کا آغاز ہوا ہے جس کا مقصد ہے کہ کابل ایئرپورٹ سے سول آپریشن کے ذریعے شہریوں کو 31 اگست کے بعد بھی بحفاظت واپس لایا جا سکے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑی تو فوجی انخلا کی 31 اگست کی ڈیڈلائن میں توسیع کاجائزہ لیں گے، امریکی فوج کابل ائیر پورٹ سے لوگوں کونکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکی فوج کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع کا جائزہ لیا جائے گا، طالبان ترجمان سہیل شاہین کے اس حوالے بیانات کو دیکھا ہے جبکہ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کو ایک ہفتے میں افغانستان سے نکلنا ہوگا، انخلا میں توسیع ہوئی تو امریکہ کو 'نتائج بھگتنا ہوں گے۔

افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ 31 اگست کے بعد غیر ملکی افواج کے افغانستان میں رکنے کا مطلب قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا۔

 فرانسیسی خبر رساں ایجنسی( اے ایف پی) طالبان نے آخری امریکی فوجی کی افغانستان میں موجودگی تک حکومت کی تشکیل اور کابینہ کا اعلان روک دیا، طالبان ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ جب تک ایک بھی امریکی فوجی افغانستان میں ہے، نہ حکومت بنائیں گے، نہ کابینہ کا اعلان ہوگا۔

 یہ بھی پڑھیں:کابل ائیرپورٹ پر فائرنگ ۔۔ افغان فوجی اہلکار ہلاک۔3 زخمی

مزیدخبریں