(24 نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد کورونا ویکسی نیشن کے بغیر ہوائی سفر پر پابندی ہوگی، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور شادی ہالز میں آنے والوں کی ویکسی نیشن لازم ہے، 17 سال سے زائد عمر کے طلبا کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، طلبا کے ٹرانسپورٹیشن عملے کو 31 اگست تک ویکسین لگوانا ہوگی اس حوالے سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 31 اگست کے بعد سکول ٹرانسپورٹر ویکسین کے بغیر کام نہیں کرسکے گا، سکول وین ڈرائیوز کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، ہوٹل اور شادی ہالز میں آنیوالوں کیلئے 30 ستمبر تک ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ 15 اکتوبر کے بعد موٹروے پر سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 15 اکتوبر کے بعد بغیر ویکسی نیشن پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، 17 سال یا زائد عمر کے طلبا 15 ستمبر تک ویکسین لازمی لگوائیں، حکومت کیلئے ہر پاکستانی کی صحت اہم ہے، تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، وبا کی وجہ سے جو بندشیں لگائی جا رہی ہیں وہ عوام کے مفاد میں ہیں۔کورونا کی روک تھام کے حوالے سے ہر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر معاون خصوصی فیصل سلطان نے کہا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے اوپر نوجوانوں کیلئے ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کمزور دفاعی نظام کے حامل نوجوانوں کیلئے مخصوص ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کسی دوسرے ملک سے ویکسی نیشن کرانیوالے افراد کا اندراج بھی نادرا ویب سائٹ پر ہوسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے وار تھم نہ سکے۔۔مزید 91 افراد جاں بحق۔۔4075 نئے مریض رپورٹ