(24 نیوز ) توشہ خانہ کیس میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے قانونی ٹیم سے علیحدگی اختیار کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ حارث نے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں ڈسپلن پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئےٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق خواجہ حارث کی جانب سے خود کو کیس سے علیحدہ کرنے کے بعد اب سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نمائندگی لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر 90 روز میں انتخابات کی تاریخ دینے کے پابند ہیں، لاہور ہائیکورٹ
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث نے کیس کی تمام فائلیں چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو بھجوا دی ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کیلئے خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوں گے،22 اگست کی سماعت میں بھی خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے، توشہ خانہ کیس سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر سماعت درخواست میں بھی خواجہ حارث وکیل نہیں ہوں گے۔