(افضل بلال) افغانستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلی جانے والی 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کا 301 رنز کا ہدف ایک گیند قبل ہی حاصل کر لیا۔ نسیم شاہ نے ایشیا کپ کی طرح ایک بار پھر آخری لمحات میں آ کر پریشر میں اچھی بلے بازی کرتے ہوئے 5 گیندوں پر 10 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کوارٹر نہ ہی سیمی فائنل، پاکستانی ٹیم ڈائریکٹ فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز امام الحق 91، کپتان بابراعظم 53 اورشاداب خان 48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 9.5 اوورز میں 69 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کیو آؤٹ کیا، محمد نبی نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے 10 اوورز میں 46 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمٰن اور عبدالرحمٰن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان نے پاکستان کو 301 رنز کا ہدف دے دیا۔ پہلے بیٹنگ کرتےہوئے افغانستان کے اوپنر بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ہوئے عمدہ بیٹنگ کی اور اننگز کا اچھا آغاز کیا، افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے 227 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ لگائی اور ٹیم کی گرفت کو مضبوط کیا۔
افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے اپنی کیریئر بیسٹ 151 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ان کا ساتھ دینے والے ابراہیم زدران نے 80 رنز سکور کیے، سٹار آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد نبی نے 29، راشد خان نے 2، شاہداللہ نے ایک رنز کی اننگز کھلی جبکہ کپتان ہشمت اللہ شاہیدی 29 اور عبدالرحمٰن 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 58 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی، نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 45 رنز بنا کر ایک وکٹ حاصل کی اور اُسامہ میر نے 10 اوورز میں 61 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان، افتخار احمد اور پہلے ون ڈے کے ہیرو حارث رؤف کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔