پاک امریکہ سفارتی تعلقات 75 ویں سالگرہ، 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری 

Aug 24, 2023 | 21:36:PM

(24 نیوز) پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات  کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا گیا۔

پاک امریکا تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا گیا،  سکہ 25 اگست 2023ء سے سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ سکّے کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے، اسے تانبے اور نکل دھات سے بنایا گیا ہے۔

سکے کا سامنے والا رُخ:

سکّے کے سامنے کی طرف وسط میں حکومت پاکستان کا سرکاری نشان ہے جس کے اوپر سکے کے بالائی نصف دائرے میں انگریزی رسم الخط میں’’ISLAMIC REPUBLIC OF PAKISTAN‘‘ تحریر ہے۔ سرکاری نشان کے بائیں اور دائیں طرف بالترتیب ’Rs‘ اورعدد ’75‘ کندہ ہے۔ سرکاری نشان کے نیچے ’1947-2022‘ لکھ کر پاکستان کی آزادی کے سال اور پاک امریکہ تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس کے نیچے   ’ایمان-اتحاد-نظم‘ تحریر ہے۔ 

سکے کا پچھلا  رُخ:

سکّے کے پچھلی طرف  امریکہ کا قومی نشان ’گریٹ سِیل‘ بنایا گیا ہے اور انگریزی رسم الخط میں ’’UNITED STATES OF AMERICA‘‘ کے الفاظ اس  قومی نشان کے اوپر کندہ ہیں، اس نشان کے نیچے اور  بیرونی کنارے پر نچلے حصے میں انگریزی رسم الخط میں ’’75th ANNIVERSARY OF US-PAK RELATIONS‘‘  تحریر ہے۔ امریکہ کے قومی نشان کے نیچے امریکہ کا سالِ آزادی ’1776‘ تحریر ہے۔

مزیدخبریں