(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان لاجواب ٹیلنٹ سے مالامال ایک ایسی ٹیم ہے جو ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر حال ہی میں ٹیم کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹر ویو میں 2023ء کے ورلڈ کپ اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بات کی۔
بھارت میں اکتوبر میں ہونے والی آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے ضمن میں مکی آرتھر کا مؤقف تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم موجودہ لاجواب ٹیلنٹ کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
مکی آرتھر نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر کا عہدہ قبول کرنے کے بعد کھلاڑیوں سے پہلی بار ملاقات میں انہیں دیکھ کر بہت اچھا لگا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور پاکستانی ٹیم کوچ ان نوجوانوں کو باصلاحیت کھلاڑیوں کے طور پر چھوڑا تھا لیکن اب جب وہ انہیں دیکھتے ہیں تو وہ نوجوان لڑکے بڑے ہوچکے ہیں اور ان میں سے بیشتر کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: نسیم شاہ ایک بار پھر چھا گئے، دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بابر اعظم نے اس پوزیشن کو اپنا بنانا شروع کردیا ہے اور اس کی بیٹنگ ایک بار پھر مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں سرفرازاحمد کی شرکت کے حوالے سے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا کہ 50 اوور کے ورلڈ کپ میں بہت سے لوگ شامل ہیں اسی لیے ابھی اس حوالے سے واضح طور پر بات نہیں کی گئی۔