(24 نیوز)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، یوں سابق کپتان شاہد آفریدی 47 سال کی عمر میں نانا بن گئے ہیں۔
قومی کرکٹر کے ہاں بیٹے کی ولادت کی خبر مختلف اسپورٹس صحافیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے، بیٹے کی پیدائش پر ٹیم کے کھلاڑیوں ، مینجمنٹ اور پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو مبارکباد دی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی قادر خواجہ نے دعویٰ کیا کہ بچے کا نام "آلیار "رکھا گیا ہے۔
تاہم شاہین اور شاہد آفریدی کی جانب سے بچے کی پیدائش اور نام کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے قومی کرکٹر شاہین آفریدی 3 فروری 2023 کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف جاری پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد کل رات کراچی کے لیے روانہ ہو جائیں گے،فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
دوسری طرف قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ میں پہلی وکٹ لی تو جشن منانے کےانداز سے بیٹے کی ولادت پر خوشی کا اظہار کیا اور خاص انداز سے بیٹے کی پیدائش اور وکٹ کا جشن منایا، قومی فاسٹ باؤلر نے جھولا جھلانے کے مخصوص انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈوں کی قمت میں مسلسل اضافہ، فی درجن کتنے مہنگے ہو گئے ؟
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے تین ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔