مودی تکبر چھوڑیں کسانوں کےمطالبات پر ضد نہ کریں، کانگریس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ سابق مرکزی وزیر زراعت شرد پوار نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج سے حکومت کے پسینہ چھوٹ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہ پیغام سابق وزیراعظم چودھری چرن سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر دیا، انہوں وزیر اعظم مودی سے تکبر ترک کرکے کسانوں کے مطالبات پر ضد نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مطالبات پر مثبت غور کرنے کی ضرورت ہے۔سرجے والا نے ٹویٹ کیا کہ کسان نہیں تو دانہ نہیں۔ کسان ملک کی روح ہے ، ان داتا ہے۔ وزیر اعظم مودی اپنی انا کو ترک کریں ، کسانوں کا مطالبہ قبول کریں اور تینوں کالے قوانین کو واپس لیں۔
دوسری جانب بھارت میں یوم کسان کے موقع پر کسانوں کو اپنے مطالبات منوانے کے لیے احتجاجی مظاہرےکرنے پرمجبور ہونا پڑرہا ہے، مہاراشٹرا کےمعروف سیاسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر زراعت شرد پوار نےیوم کسان کےموقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں دہلی میں کسانوں کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ کسانوں کا مناسب احترام کریں جو معیشت کا ایک اہم جزو ہیں۔ لیکن آج بدقسمتی سے ملک کے کسانوں کو اپنے حقوق اور مطالبات کے لئے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔ دارالحکومت دہلی کی سرحد پر مرکزی حکومت کے منظور کردہ تینوں زراعی قوانین کے خلاف گذشتہ 26 دنوں سے کسانوں کا ایک بڑا احتجاج جاری ہے جس سے حکومت کے پسینہ چھوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو انصاف ملنا چاہیے۔