( 24 نیوز)پاکستان کے معروف اور ہردل عزیز ورسٹائل فنکارمعین اخترمرحوم کے مداح آج ان کی70ویں سالگرہ منارہے ہیں۔معین اختر 24 دسمبر 1950کو کراچی میں پیدا ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ معین اخترمرحوم نے اپنی فنکارانہ کیریئر کا آغاز 60 کی دہائی کے وسط میں کیا ، انہوں نے متعدد ڈارموں ، فلموں اور سٹیج میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ معین اختر نے درجنوں کی تعداد میں یادگار ڈرامے اور سٹیج شوز کئے جن میں روزی، سچ مچ، رفتہ رفتہ، سٹوڈیو پونے تین، بندر روڈ سے کیماڑی، شو ٹائم ، انتظار فرمائیے شامل ہیں۔ معین اختر کو اردو، انگریزی، پشتو، سندھی ، گجراتی، پنجابی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں پر بھی مکمل عبور حاصل تھا۔ بحیثیت اداکار، گلوکار، صداکار، مصنف، میزبان اور ہدایتکار معین اختر نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ معین اختر 22 اپریل 2011 کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے ۔