(24نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر میں چائنا کٹنگ اور زمینوں پر قبضے کیخلاف کے ڈی اے کو بڑے آپریشن کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں گلستان جوہر میں چائنا کٹنگ اور زمینوں پر قبضے سے متعلق سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے کے ڈی اے کو حکم دیا کہ گلستان جوہر میں بڑا آپریشن کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تجاوزات فوری ختم کرائی جائیں اور غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا جائے۔ہائی کورٹ نے ڈی جی رینجرز سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو کے ڈی اے سے تعاون کی ہدایت کردی۔
درخواست گزار نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ کے ایم سی اور کے ڈی اے حکام قبضہ مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں اور عدالتی حکم کے باوجود قابضین کو نہیں ہٹایا جاسکا۔ڈائریکٹر کے ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ کارروائی کےلیے جاتے ہیں تو شرپسند عناصر حملہ کردیتے ہیں، جس پر عدالت نے کے ڈی اے حکام کو رینجرز اور پولیس کی نفری فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔