شاہ محمود قریشی کامصری ہم منصب سے رابطہ،مقبوضہ کشمیر اور اسلامو فوبیاسے متعلق قراردادوں کی حمایت پر اظہارتشکر

Dec 24, 2020 | 20:36:PM

(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ، وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے47 ویں اجلاس کے موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت پر مصری وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ میں پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات ،یکساں مذہبی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت اہم عالمی فورمز پر پاکستان اور مصر کے نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرواتے ہوئے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے، عالمی برادری کی طرف سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا وزیر خارجہ نے نیامے میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت پر مصری وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیادونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور مصر کے مابین، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق رائے بھی کیا ۔

مزیدخبریں