ایک ہفتے میں ٹماٹر، ایل پی جی، لکڑی مہنگی , مہنگائی کی شرح میں 0.40فیصد  اضافہ

Dec 24, 2021 | 22:55:PM

(24 نیوز) ایک ہفتے کے دوران بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کا پارہ 19اعشاریہ 83 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق ماہانہ 17ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی ریکارڈ22فیصد کے قریب پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.40فیصد کا اضافہ ہوگیا، رواں ہفتے کےدوران 23اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں ہفتے کے دوران ٹماٹر، ایل پی جی، لکڑی مہنگی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118روپے3 پیسےمہنگا ہوا، جس کے بعد ایل پی جی کے گھریلوسلنڈرکی قیمت 2355سےبڑھ کر 2463ہوگئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹرفی کلو 5روپے42پیسےمہنگےہوگئے، چینی کی فی کلو قیمت میں 1روپے 32 پیسے کا اضافہ اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5روپے 3 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ رواں ہفتے دال ماش کی فی کلو قیمت میں3روپے47 پیسے، لکڑی کی فی من قیمت میں3روپے 43پیسےکااضافہ ہوا جبکہ صرف 5اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ایک ہفتے کے دوران آلو 2روپے5پیسے فی کلو سستے ہوئے،  پیاز گڑ اورآٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی جبکہ چاول ،کوکنگ آئل سمیت 23اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں:پیغمبر اسلام کی توہین لوگوں کو ٹھیس پہنچاتی ہے، آزادی کا اظہار نہیں کہا جا سکتا، پیوٹن

 

مزیدخبریں