(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا، وفاقی حکومت کے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کے نوٹیفکیشن کو الیکشن کمیشن کے مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملے پر درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں، الیکشن کمیشن فریقین کو سن کر ووٹر لسٹوں کا معاملہ قانون کے مطابق حل کرے، الیکشن کمیشن کو یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کے فیصلے کو مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا موقف جاننا چاہیے تھا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق نوٹیفکیشن کو مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، وفاقی حکومت سمیت تمام درخواست گزار 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں، الیکشن کمیشن تمام درخواست گزاروں کو سن کر معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔