دنیا  کوامن کا گہوارہ بنانے کیلئے نفرت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا : شہباز شریف

  وزیر اعظم کی مسیحی برادری کو  کرسمس کی مبارکباد

Dec 24, 2022 | 23:41:PM

(24نیوز)وزیر اعظم  شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسیحی بہن  بھائیوں کو کرسمس 2022 کی خوشیوں کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس کا تہوار  آفاقی محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا درس دیتا ہے  جو کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ  پر گامزن کرنے میں  کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے کرسمس 2022 کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پیغمبرِ  خدا حضرت عیسی علیہ السلام  نے انسانیت کے دکھوں پر مرہم رکھا اور اللہ تعالیٰ کے پیغام کو پوری انسانیت تک پہنچایا، امن، بھائی چارہ، رواداری اور  برداشت کا درس دیتے ہوئے آپ نے پوری انسانیت کی دنیاوی و اخروی زندگی سنوار دی، آپ کی اخلاقی تعلیمات اور رہنمائی   ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے،اکیسویں صدی کے انسان کو حضرت عیسی کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی ضرورت ہے.

پوری دنیا میں گزشتہ کچھ دہائیوں میں مذہبی عدم برداشت کی لہر نے زور پکڑا ہے جس کے تدارک کیلئے بنی نوع انسان کو مذاہب کے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے پیغام پر عملدرآمد کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر اقوام عالم کو حضرت عیسی کے محبت کے پیغام کو مشعل راہ بنا کر نفرت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔

تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی، ملکی دفاع، عدلیہ الغرض ہر شعبے اور علم و عمل کے ہر میدان میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، پاکستان کی بقاء کی خاطر مسیحی برادری کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قائدِ اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے.

آئینِ پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے جہاں نہ صرف ان کو برابری کے حقوق دیئے گئے ہیں بلکہ ان کو عبادت کی مکمل آزادی اور ان کی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے. 
پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جہاں ہم سب کو ایک قوم بن کر کر اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے شبانہ روز محنت کرنی ہے، یہ ملک ہم سب کا ہے. آئیں، کرسمس کے موقع پر ہم پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنا کر امن کا گہوارہ بنائیں اور اس کو ان مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں. 

مزیدخبریں