وزیراعظم اور سری لنکن صدر کی ون آن ون ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Feb 24, 2021 | 10:53:AM

  (24نیوز) کولمبو  میں دو روزہ دورے پر موجود وزیراعظم  عمران خان اور سری لنکن صدر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا کے وزیر برائے کھیل نے عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔


وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن صدر نے  کثیرالجہتی شعبے میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام سطحوں پر سٹر ٹیجک مواصلات اور ہم آہنگی کو مزید وسیع کرنے کا عزم کیا۔ فریقین نے جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت کو تقویت دینے پر توجہ دینے کے لئے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح  رہے گزشتہ روز وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا نے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں، تجارت، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں رہنماؤ ں نے سیاحت ، سرمایہ کاری ، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کیلئے اہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور دیگر نے دستخط کئے۔ بعد میں دونوں رہنمائوں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کی۔

عمران خان نے خطے میں قیام امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے افغانستان میں تنازع کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے ہر طرف سے تعمیری مشغولیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل اور جنوبی ایشیا اور اس سے آگے امن ، ترقی اور خوشحالی کے ویژن کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزیدخبریں