منی لانڈنگ کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور ، رہائی کا حکم

Feb 24, 2021 | 13:54:PM

(24 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

 جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر  مشتمل  لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی،نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلائے طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کر لی اور نیب کو ن لیگی رہنما کی رہائی کا حکم دے دیا۔ حمزہ شہباز کو ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیب حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور ۔آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے۔گذشتہ روز حمزہ شہباز کے وکلا نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ حمزہ کی گرفتاری کے 17 ماہ بعد فرد جرم عائد کی گئی، سپریم کورٹ میں 10 ماہ تک ضمانت کی درخواست زیر التوا رہی ،عدالت عظمی نے نیب کے پرانے ترین کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر سننے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ 20 ماہ کی تاخیر کرنے پر نیب کے کیسز میں ملزموں کو ریلیف دے چکی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ  لاہور میں 5 نئی عدالتیں آ رہی ہیں تو یہ سنیارٹی والا معاملہ ہی حل ہو جائے گا،نیب کو اگر 6 ماہ کا وقت دیا جائے تو کیس کا ٹرائل مکمل ہو جائے گا۔ 

 

مزیدخبریں