یوسف رضا گیلانی کی کمرہ عدالت میں شہباز شریف سے اہم ملاقات

Feb 24, 2021 | 13:36:PM

(24نیوز)سینٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  شہباز شریف سے  کمرہ عدالت میں ملاقات کی ہے جس میں سینٹ الیکشن اور حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب پر بات چیت کی گئی ۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سابق وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز، ایاز صادق مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سینٹ الیکشن اور حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب پر بات چیت کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچایا۔ یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو سینٹ الیکشن کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

  شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب میں وزیر اعظم تھا تو کبھی اپوزیشن سے تصادم کی نوبت نہیں آنے دی۔سیاست میں اونچ نیچ آتی ہے، ہمیں ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی بھی کیا اور ہم پھر اکٹھے ہوئے ہیں.

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے ہم عوام کی بات کرتے ہیں، ہم نے پارلیمنٹ کو عزت دی اور اس کی بالا دستی کے لیے کام کیا، پی ڈیم ایم ایک حقیقت ہے، پی ڈی ایم کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہو گی۔

مزیدخبریں