اوپن بیلٹنگ سیاسی مسئلہ ، سپریم کورٹ پارٹی نہ بنے : مریم نواز

Feb 24, 2021 | 15:15:PM
اوپن بیلٹنگ سیاسی مسئلہ ، سپریم کورٹ پارٹی نہ بنے : مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ  سپریم کورٹ کو پہلے بھی درخواست کرچکی ہوں  یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے، آپ پارٹی نہ بنیں، عدالت کوئی فیصلہ دیتی ہے تو عوام اسے جانبدار سمجھے گی، اسٹیبلیشمنٹ اگر غیر جانبدار نہیں تو اسے غیر جانبدار ہونا پڑے گا۔

وزیرآباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف سے پیسے نکلوانے کے چکر میں انہیں پیسے دینا پڑگئے،نیب نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھکوانی ہے تومجھے بلالے۔پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ہے، عمران خان کے ارکان اسمبلی بھاگ رہے ہیں، آج آپ کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہے تو آپ کو شو آف ہینڈ یاد آگیا، ہم آپ کو نظریں جھکا کر گزرنے نہیں دیں گے، آپ کو بے نقاب کریں گے۔

مریم نواز نے این اے 75 میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ  کرتے ہوئے کہا کہ  صرف 20 پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ نہیں چاہتے، دھاندلی میں کون کون ملوث ہے، ہمارے پاس نام موجود ہیں۔  ڈسکہ الیکشن پر یہ خود عوام کو سچ بتا دیں ورنہ حقائق سامنے لے آؤں گی، یہ دھاندلی بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتے، نوشہرہ میں عوام نے مسلم لیگ ن کو اکثریت سے ووٹ دیا، اب ہار پر خفت چھپانے کیلئے مخالفت کی باتیں کی جا رہی ہیں، نوشہرہ میں ہم نے انہیں گھر میں گھس کے مارا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے منظم دھاندلی کی، ہمارے ووٹرز کو ہراساں کیا گیا، پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کے لئے فائرنگ کرائی گئی، حکومت کی دھاندلی میں چھ چھ گھنٹے پولنگ روکی گئی، پولنگ شام پانچ بجے ختم ہوجاتی ہے ۔ساری رات کیسے ووٹنگ ہوتی رہی؟مریم نواز نے مزید کہا کہ پرویزرشید کےکیس میں حکومت بے نقاب ہوگئی، بدنام زمانہ غنڈوں کے کاغذات منظور ہو جاتے ہیں، اور حق سچ بیان کرنے پر پرویزرشید کو سینیٹ الیکشن سےمحروم رکھا جاتا ہے، عمران خان حکومت مستند اغواکار ہیں، دھند میں بندے اغوا کرنا ان کی حکومت کا شیوہ ہے، میرے خلاف نیب کے نوٹس بھی دھند میں گم ہوگئے۔

مریم نواز نے اپوزیشن لیڈر پنجاب کی رہائی کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ،حمزہ شہباز کی ضمانت ہوگئی۔حمزہ اپنے موقف پرڈٹا رہا ایک دن بھی نہیں گھبرایا۔لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ حمزہ اور ن لیگ کے ساتھ جوکیا گیا نتائج بھگتنا پڑیں گے۔