(24نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے موٹروے ریپ کیس کے ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 3 مارچ کی تاریخ مقرر کردی ہے۔اس کے ساتھ خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت سے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیمپ جیل میں موٹروے ریپ کیس کی سماعت کی جس میں ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو پیش کیا گیا۔ملزموں کی پیروی شیر گل قریشی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ پراسیکیوشن کی 3 رکنی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لیے ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو چالان کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا۔خیال رہے کہ متعدد مرتبہ مہلت دینے کے بعد پولیس نے 20 فروری کو عدالت میں چالان 200 صفحات پر مشتمل چالان جمع کروایا تھا جس میں ملزموں کو قصور وار قرار دیا گیا تھا۔
پولیس نے چالان میں 40 گواہان کے بیانات قلمبند کیے تھے جبکہ چالان میں کہا گیا کہ عابد ملہی اور شفقت بگا نے خاتون کے ساتھ ڈکیتی اور زیادتی کی۔پیش کردہ چالان میں کہا گیا تھا کہ ملزمان کی شناخت پریڈ جیل میں کرائی گئی اور ان کا ڈی این اے بھی کروایا گیا جو میچ کر گیا جبکہ دونوں ملزموں نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اقرار بھی کیا ہے۔
چار رکنی گینگ کا سربراہ عابد پنجاب کے مختلف تھانوں میں درج 10 دیگر مقدموں میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔پولیس نے 21 اکتوبر کو بتایا کہ کیمپ جیل میں ملزم کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیا گیا جہاں متاثرہ خاتون نے ملزم کی شناخت کرلی۔