ہندو توا سوچ تبدیل نہ ہو سکی، مودی نے احمد آباد کرکٹ سٹیڈیم کا نام اپنے نام سے منسوب کرلیا

Feb 24, 2021 | 22:53:PM
ہندو توا سوچ تبدیل نہ ہو سکی، مودی نے احمد آباد کرکٹ سٹیڈیم کا نام اپنے نام سے منسوب کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم کو پہلے انٹرنیشنل میچ سے چند گھنٹے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام سے منسوب کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں سردار پٹیل کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر نو کے بعد گزشتہ برس اس کا افتتاح اس وقت کیا گیا تھا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ اسی سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جو تزئین و آرائش کے بعد یہاں ہونے والا پہلا میچ ہے۔ میچ سے چند گھنٹے قبل اس سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم رکھ دیا گیا۔


سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا اعلان بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے کیا جو سٹیڈیم میں منعقدہ خصوصی تقریب میں موجود تھے۔
سٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر 10 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے اور اس کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سٹیڈیم میں موجود ہر تماشائی کو کسی بھی زاویے سے ایک جیسا ہی نظارہ ملتا ہے۔سٹیڈیم میں ایک لاکھ 10 ہزار شائقین کی گنجائش ہے جس کی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ سٹیڈیم کو حاصل تھا جہاں ایک لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔