(ویب ڈیسک)مصر میں منگل کے روز دریائے نیل کے پانی کی رنگت میں اچانک تبدیلی کے بعد شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں نے دریائے نیل کے پانی میں گدلا پن ظاہر ہوتے دیکھا جس سے ان کے دلوں میں پانی کے آلودہ ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا تاہم مصر میں آبی وسائل کے وزیر محمد عبدالعاطی کے مطابق گدلے پن کا تعلق سیلابی پانی کی نکاسی کے نیٹ ورک سے ہے۔
محمد عبدالعاطی نے واضح کیا کہ پانی کا گدلا پن دو یا اس سے زیادہ دنوں میں ختم ہو جائے گا۔ مصری وزیر کے مطابق اس گدلے پن کا پینے کے پانی کے معیار اور زرعی اراضی پر کوئی منفی اثر نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ دریائے نیل کو مصر میں پینے کے پانی کا مرکزی ذریعہ شمار کیا جاتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے کئی صوبوں میں ہفتے اور اتوار کے روز موسلادھار بارشیں ہوئیں جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں کی صورت حال دیکھی گئی۔ اس کے نتیجے میں کئی مرکزی شاہراہیں اور بندر گاہیں بھی بند ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان آج روسی صدر سے ملاقات کرینگے