(24نیوز )پاک فوج کی اربن سرچ اور ریسکیو ٹیم زلزلے کے بعد ریسکیو آپریشن میں ترکیہ عوام کے دل جیت کر وطن واپسی کے لیے روانہ ۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کا ترکیہ زلزلہ متاثرین کیلئے سب سے پہلے پہنچنے اور سب سے آخر میں وہاں سے نکلنے پر بین الاقوامی اور ترکیہ میڈیا معترف ہے ۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کامیاب ریسکیو آپریشنز کے بعد کل علی الصبح وطن واپس لوٹے گی، پاک فوج کے 35 افراد پر مشتمل دستہ ترکیہ میں ریسکیو آپریشن کے بعد ملک واپس آ رہا ہے ، پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 91 سائٹس کو سرچ کیا جبکہ 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحتوں کے جوہر دیکھائے ، شب و روز کاوشوں سے 8 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جن میں چھوٹے بچے بھی شامل تھے ۔
اس کے علاوہ 5 دیگر زندہ افراد کی نشاندہی پر دوسری ریسکیو ٹیموں کی امداد سے ان افراد کو بھی بحفاظت زندہ نکال لیا گیا، پاک فوج کی ریسکیو ٹیم نے 138 ملبے تلے جاں بحق افراد کو ریکور کرکے ترکیہ انتظامیہ کے حوالے کیا۔
ریسکیو ٹیم نے 2 سائٹس کو خیمہ بستی کیلئے مکمل کلیئر کیا ، پاک فوج کی اربن اور ریسکیو ٹیم کو بین الاقوامی اور ترکیہ کے مقامی چینلز نے بھی پزیرائی دی ۔
پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا ، ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاک فوج نے وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔