(ویب ڈیسک) امریکا نے کیوبا میں واقع گوانتاناموبے جیل میں قید 2 بھائیوں کو پاکستان منتقل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون نے بتایا کہ 2 افراد کو منتقل کرنے کے بعد گوانتاناموبے جیل میں قید افراد کی کُل تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی ہے۔
پینٹاگون نے عبدالربانی اور محمد ربانی کو واپس پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا۔
پینٹاگون کی ویب سائٹ کے مطابق ان دونوں کو 2002ء میں گرفتار کیا گیا تھا، عبدالربانی کو القاعدہ کیلئے سہولت کاری جبکہ محمد ربانی کو القاعدہ کے اہم رہنما کو مالی اور سفری سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا قیدیوں کی آبادی کو کم کرنے اور بالآخر گوانتاناموبے کی سہولت کو بند کرنے پر مرکوز امریکی کوششوں کی حمایت کیلئے حکومت پاکستان اور دیگر شراکت داروں کی آمادگی کو سراہتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اب 32 قیدی رہ گئے ہیں جن میں سے 18 منتقل کرنے کے اہل ہیں۔
خیال رہے کہ 3 فروری کو جو بائیڈن انتظامیہ نے کیوبا میں واقع گوانتاناموبے جیل سے ایک قیدی کو رہا کرکے بیلیز منتقل کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ نیویارک میں 11 ستمبر 2001ء کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے کے بعد ریپبلکن پارٹی کے رہنماء اور سابق امریکی صدر جارج بش نے کیوبا کے جزیرے گوانتاناموبے میں یہ جیل بنوائی تھی۔
سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق گوانتاناموبے میں 2001ء کے بعد 40 ممالک کے 750 افراد کو قیدی بنایا گیا تھا۔
ان قیدیوں کو انتہائی خطرناک قرار دے کر کسی بھی قسم کی قانونی مدد کے بغیر گوانتاناموبے میں ہمیشہ کیلئے قید کیا گیا تھا اور یہاں ان کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز رویہ اختیار کیا جاتا تھا۔