(ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ تیار کرنے والی کسوہ فیکٹری میں 11 زبانیں بولنے والا روبوٹ تعینات کردیا گیا جو کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ آنے والے زائرین کا خیرمقدم اور فیکٹری کا تعارف فراہم کرے گا۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ میں آنیوالے زائرین کے خیرمقدم کیلئے 11 زبانیں بولنے والا روبوٹ فراہم کیا ہے جو کمپلیکس آنے والوں کا ناصرف خیرمقدم کرتا ہے بلکہ غلاف کعبہ فیکٹری کا تعارف بھی فراہم کرتا ہے۔ روبوٹ 24 گھنٹے بغیر کسی وقفے کے متعدد زبانوں میں گفتگو کرسکتا ہے، یہ روبوٹ متعدد خوبیوں کا حامل ہے، جو آنیوالے زائرین کے چہروں اور جذبات کو پہچان بھی سکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ روبوٹ ٹچ اور ہینڈ موشن کے ذریعے زائرین کے ساتھ صوتی بات چیت کرسکتا ہے، روبوٹ کا وزن 29 کلوگرام ہے اور یہ بیٹری سے چلتا ہے جو آٹھ گھنٹے تک مؤثر رہتی ہے۔ اسکے علاوہ اس کی بیٹری کی چارجنگ میں آٹھ گھنٹے لگتے ہیں اور اس کی رفتار تین کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اسے بجلی سے منسلک کیے جانے پر نان سٹاپ چلایا جاسکتا ہے، اس روبوٹ کی فراہمی کا مقصد سعودی وژن 2030ء کے اہداف کو آگے بڑھانا ہےجس میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مسجد الحرام میں مصنوعی ذہانت (AI) کو استعمال کرنے کے اپنے تازہ ترین اقدام میں سعودی عرب نے قرآن پاک کی تلاوت اور خطبات کیلئے روبوٹ لانچ کیے ہیں تاکہ اسلام کے مقدس ترین مقام میں مومینین کی خدمت کی جا سکے، روبوٹس بار کوڈز ڈسپلے کرتے ہیں جو صارفین کو ان کی خدمات کو ذاتی اسمارٹ فونز پر ڈاؤن لوڈ کرنے کے قابل بناتے ہیں یا ہفتہ وار نظام الاوقات بشمول خطبہ جمعہ دینے والے علماء کے ناموں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے ان روبوٹس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان جدید روبوٹس کا اجراء چیف آف جنرل پریذیڈنسی برائے امور حرمین شریفین شیخ عبدالرحمن السدیس نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ لانچ ایک بڑے پیمانے پر ترتیب دی گئی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ناصرف دو مقدس مساجد میں مزید سمارٹ روبوٹس لانچ کرنا ہے بلکہ سعودی ویژن 2030ء کے تحت اسمارٹ حرم پروجیکٹ کو نافذ کرنا ہے۔