سیر بھی کریں اور ڈالرز بھی کمائیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) تائیوان حکومت نے اس سال سیاحوں کو ملک کی سیر کرنے کے بدلے میں ڈالرز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا وباء کے بعد اب لوگوں کا بین الاقوامی سفر کرنے کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔ ہوائی جہاز پر سفر کرنے کے کرایوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کئی ممالک اس حوالے سے طرح طرح کے پلان بھی کر رہے ہیں۔
تائیوان حکومت نے بھی ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے انفرادی سیاحوں کو 165 ڈالرز دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ جو لوگ اپنی چھٹیاں تائیوان میں گزاریں گے ان کو حکومت ڈالرز دے گی۔ گروپس کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو بھی یہ رقم مہیا کی جائے گی۔
وزیرِاعظم تائیوان کا اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے اس سال 60 لاکھ سیاح جزیرے پر سیاحت کے لیے آئیں اور حکومت اس تعداد کو 2025 تک ایک کروڑ تک بڑھانے کا بھی عزم رکھتی ہے۔
مزید پڑھیں: زبان سے پینٹنگ بنانے والے پینٹر کی سوشل میڈیا پر دھوم
اس نئے اعلان کے مطابق 5 لاکھ سیاحوں کو فی کس 165 ڈالرز اور 90 ہزار سیاحتی گروپس کو فی گروپ 658 ڈالرز دیے جائیں گے۔ سیاحوں کو رقم نقدی کیش کی بجائے ڈیجیٹل کرنسی میں ادا کی جائے گی جس کو نقل و حمل، رہائش اور کھانے پینے جیسے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
تائیوان حکومت کا مزید کہنا ہے کہ مکاؤ، یورپ، امریکا کے ساتھ ساتھ جاپان اور جنوبی کوریا کے سیاحوں کو راغب کرنا ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے جبکہ سال 2022 میں امریکا، جاپان، انڈونیشیا اور ویت نام وغیرہ سے صرف 9 لاکھ سیاح ہی تائیوان آئے تھے۔
واضح رہے کہ 2019 میں ایک کروڑ سیاحوں نے تائیوان کا دورہ کیا تھا جس تعداد کو بحال کرنے کے لیے اب تائیوان حکومت کوشاں ہے۔