(24 نیوز) راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی۔
آج راولپنڈی میں پولیس نے مزید 2 قیدیوں کی وینز کمیٹی چوک پر پہنچا دی تھیں۔ پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان بھی ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے۔ جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان ازخود قیدیوں کی وین میں جاکر بیٹھ گئے۔
یہ بھی پڑھیے: ضمانت کی درخواست خارج، پی ٹی آئی رہنما عدالت سے بھاگ گئے
اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ درخواستیں دیں گے۔
فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے۔
اس کے ساتھ ساتھ مرکزی رہنما زلفی بخاری نے بھی گرفتاری پیش کر دی اور پولیس وین میں سوار ہوگئے۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنان پولیس وین پر چڑھ گئے۔
اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ میں نے گرفتاری تو دے دی ہے اب دیکھیں یہ ہماری خاطر داری کیسے کرتے ہیں، راولپنڈی کےکارکنان اور رہنما سب بہت پرجوش ہیں۔
خیال رہے کہ اس دوران شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق ایک بار پھر کارکنان کو چکمہ دے کر نکل گئے۔
جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 80 سے زائد کارکنان نے بھی گرفتاری دی اور 3 قیدی وینوں میں زیادہ سے زیادہ 90افراد کی گنجائش موجود تھی۔