(وقاص عظیم) ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگیا اور ہفتہ وارمہنگائی کی شرح 2.89 فیصد اضافے کے بعد 38.42 فیصد پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 34 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 5 کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت میں 44 روپے اور زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 31 روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ کیلے 12 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق چاول کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 50 پیسے اور دال ماش 8 روپے 26 پیسے مہنگی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: روپے کی قدر میں بہتری، ڈالر مزید سستا ہو گیا
اسی طرح 390 گرام خشک دودھ کی قیمت 11 روپے 40 پیسے بڑھ گئی، دہی کی فی کلو قیمت 2 روپے 85 پیسے، دودھ 95 پیسے فی لیٹر اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 46 روپے 98 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مٹن 12 روپے 14 پیسے جبکہ بیف 5 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ دال مونگ، چینی، گُڑ اور آلو کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے انڈے 12 روپے 30 پیسے، ٹماٹر 7 روپے 68 پیسے اور پیاز 30 روپے فی کلو سستا ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران لہسن اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔