گرج چمک کیساتھ بارش اور برفباری:محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

25سے 28 فروری کے درمیان لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ ، فیصل آباد، شیخوپورہ ، نارووال ، میانوالی اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان

Feb 24, 2025 | 10:45:AM

(کومل اسلم ،عیسیٰ ترین،اقصیٰ شاہد)محکمہ موسمیات نے  ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی،آج ملک میں داخل ہونےوالا بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ 7 روز تک ملک کے بیشتر حصوں میں اثر انداز ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے،مغربی/شمال مغربی بلوچستان، مغربی خیبرپختونخوا اور وسطی/جنوبی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ بعد از دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے،مری،گلیات اور گرد و نوا ح میں موسم سرد جبکہ بعد از دوپہر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شام یا رات کے اوقات میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، میانوالی، خانیوال، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان،کرم، باجوڑ، خیبر، چترال اور دیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان ، ڈالر سستا ہو گیا

کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد جبکہ شام یا رات میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 فروری سے یکم مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے، مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے،25سے 28 فروری کے درمیان لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ ، فیصل آباد، شیخوپورہ ، نارووال ، میانوالی اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے جبکہ سرگودھا ، بھکر، خوشاب، حافظ آباد ، گوجرانوالہ ، منڈی بہا الدین اور گجرات میں بھی بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، خانیوال، ساہیوال ، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی 25 سے 27 فروری تک ہلکی بارش ہوسکتی ہے،بارش کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے 26 فروری کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے،قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،چاغی، نوشکی، خضدار، بارکھان، سبی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور قلات میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور ژوب میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ، تربت میں 19،نوکنڈی میں 15 ، چمن میں 12،گوادر میں 18 اور جیوانی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے۔

لاہورشہر کا موسم سرد اور خشک ہے،پچیس فروری سے طاقتور سسٹم لاہور میں بارشوں لے کر داخل ہو رہاہے جو موسم میں تبدیلیوں کا واضح سبب بنے گا،آج دن بھر موسم خشک رہے گا،آج لاہور میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا،دن بھر کم سے کم 13 زیادہ سے زیادہ چوبیس ریکارڈ کیا جائے گا۔

لاہورمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 183 ریکارڈکی گئی اورلاہورآلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیاہے۔

کراچی  میں مطلع ابرآلوداورہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار ہے،شہر میں آج دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم بدستور گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر میں موجودہ درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈاورگرمی کی شدت 24سینٹی گریڈمحسوس کی جارہی ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،ہوا میں نمی 88 فیصد ہے،شمال مشرقی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

اے کیو آئی  کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 32ویں اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 105 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے۔

 پاک ایران سرحدی علاقوں پر غیر معمولی مغربی موسمی سسٹم اثرانداز ہونے کے باعث سرحدی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے،صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق صوبے کے ایران اور افغانستان کےساتھ سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ دوپہرکے بعد بلوچستان کے شمالی بالائی علاقے موسمی سسٹم کےزیر اثر آنےکا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق غیرمعمولی موسمی سسٹم 28 فروری تک بلوچستان میں موجود رہنے اور مغربی موسمی سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں تک پھیلنےکا امکان ہے،پی ڈی ایم اے کے مطابق چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، زیارت، چمن، ہرنائی،کوہلو اور بارکھان میں  اگلے 72 گھنٹوں میں موسلادھاربارش، ژالہ باری اور آندھی چلنےکا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کےلیے الرٹ جاری کرتے ہوئے غیرضروری سفر سےگریز کرنےکی ہدایت کی ہے۔ 

 

مزیدخبریں