پاکستان میں روس کی کورونا ویکسین ’’اسپوٹنک‘‘کے استعمال کی اجازت
Stay tuned with 24 News HD Android App
کراچی: پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے چین اور برطانیہ کے بعد اب روس کی کورونا ویکسین 'اسپوٹنک' کی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے دی ہے ۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کورونا وبا کے خلاف 92 فیصد موثر ہے۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے دی گئی ہے۔ ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز ادارے اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی ہے۔ویکسین کی پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اب تک تین ممالک کی انسداد کورونا ویکسینز کو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے چکا ہے جن میں چینی کمپنی کی ویکسین سائنو فارم ، برطانوی کمپنی کی ایسٹرا زینیکا اور روس کی اسپوٹنک ویکسین شامل ہے۔ 50 ہزار خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ اسی مہینے پاکستان پہنچ جائے گی، روسی ویکسین کو منفی 18 ڈگری پر اسٹور کرنا لازمی ہے۔دوسری جانب ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روسی ویکسین بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں دگنی قیمت پر دستیاب ہونے کا امکان ہے۔