جنوبی افریقہ کیخلاف 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف 26 جنوری سے کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے17 رکنی قومی اسکواڈ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ کپتان بابراعظم ہیڈ کوچ کی مشاورت کے بعد فائنل پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ٹیسٹ ٹیم کی کمان بابراعظم سنبھالیں گے۔17 رکنی اسکواڈ میں اوپنر عابد علی اور عمران بٹ جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر فواد عالم ،اظہر علی اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف اور محمد نواز جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان نائب کپتان ہیں۔ سرفراز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اسپنرز میں نعمان علی ، ساجد خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں کارکردگی دکھانی ہوتی ہے، کپتان اور ٹیم مینجمنٹ ایک پیج پر ہیں۔ بطور ہیڈکوچ مجھ پر بھی دباؤ ہے۔کوشش کریں گے کہ اچھی سے اچھی پرفارمنس دیں۔