پی ڈی ایم متحد ، حکومت پر ہر طرف سے وار کریں گے، آصف زرداری

Jan 24, 2021 | 17:35:PM

(24نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری کاکہناہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی، ملک شدید خطرات میں ہے۔حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں،حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کیاجس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیاگیا، آصف زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرےگا، اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں، حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔
سابق صدر نے کہاکہ یہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے عوام کی مدد کر سکے،ان کاکہناتھا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا،ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں ،سرکاری ملازمین کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔
آصف زرداری نے کہاکہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے ہیں، میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گر چکے ہیں،بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔

مزیدخبریں