براڈ شیٹ کیلئے تحقیقاتی کمیٹی پر اپوزیشن کا اعتراض بلا جوازہے، اعجاز شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز شاہ کاکہناہے کہ براڈ شیٹ کیلئے تحقیقاتی کمیٹی پر اپوزیشن کا اعتراض بلا جواز ہے،خود اپوزیشن جماعتوں نے براڈ شیٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا،براڈ شیٹ کیس میں تحریک انصاف کا کوئی کردار نہیں ہے.
ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے عوام کو براڈ شیٹ سکینڈل کی اصل حقیقت بتانے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنائی، براڈ شیٹ کیس اٹھارہ سال قبل کا سکینڈل ہے جس کا فیصلہ بھی 2018 میں آچکا تھا،ان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اب ادائیگی اس لئے کی کیونکہ پاکستان کو پانچ ہزار پاؤنڈ روزانہ جرمانہ ہو رہا تھا۔
اعجاز شاہ نے کہاکہ سکینڈل کی تحقیقات کےلئے حکومت جو بھی کمیٹی بنائے گی اپوزیشن اس پر اعتراض کرے گی،ان کاکہناتھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہونے والی ملاقات میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن پر اتفاق ہوا ہے،کریک ڈاؤن کےلئے پنجاب پولیس، کسٹمز،ایکسائز سمیت تمام اداروں سے تعاون لیا جا ئے گا۔
وفاقی وزیر کاکہناتھا کہ منشیات فروش ہماری نسلوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں،منشیات فروشی کے خاتمے کےلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت ویلج کونسل کی سطح پر بلدیاتی الیکشن کروانے کےلئے تیار ہے، ستمبر تک الیکشن کمیشن کو لوکل باڈی آرڈیننس کے بارے بتا دیا جائے گا،الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن کا شیڈول دے گا۔