قرض پروگرام کی بحالی ، پاکستان نے اہم فیصلہ کر لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )پاکستان کے معاشی حکام اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف )کے درمیان معلومات کے تبادلے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قرض پروگرام کی بحالی کیلئے پاکستان نے آئی ایم ایف کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، معاشی حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو منی بجٹ سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا جارہا ہے جبکہ نویں جائزہ مذاکرات کیلئے شیڈول طے کرنے کے معاملے پر بات ہورہی ہے ۔
وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ سرکلر ڈیٹ, بجلی,گیس قیمتوں سے متعلق آئی ایم ایف کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں ، ٹیکس وصولیوں سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جارہا ہے ، آئی ایم ایف کو مشن پاکستان بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے ، پاکستان آئی ایم ایف کا قرض پروگرام مکمل کرے گا قرض پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔
دوسری جانب پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم لیوی اور گیس کی قیمت بڑھانے سمیت ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرادی جبکہ آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ ہونے والے ورچوئل مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ آئی ایف ٹیم کی سربراہی جائزہ مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کررہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا، آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ گلے اقتصادی جائزہ کی تکمیل اور پروگرام ٹریک پر لانے کیلئے فیزیکل مذاکرات کا شیڈول طے پانے کے امکانات ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں ہفتے آئی ایم ایف سے شیڈول بارے اہم پیشرفت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں آئی ایم ایف کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اعشاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔